گولیوں کی آواز سے گونج اٹھاچھپرہ، سڑک کے بیچوں بیچ دو بھائیوں کا گولی مار کر قتل

تاثیر 28 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

چھپرہ، 28 مئی: بہار کے سارن ضلع میں جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند ہوتے جا رہے ہیں۔ انہیں پولیس انتظامیہ کا کوئی خوف نہیں ہے۔ بے خوف بدمعاشوں نے گودریج شوروم کے مالک اور ان کے بھائی کو گولی مار دی جس کی وجہ سے دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ امریندر سنگھ اپنے چچازاد بھائی کے ساتھ بلٹ بائک پر گودریج شوروم سے گھر کے لیے نکلے تھے۔ جیسے ہی وہ پربھوناتھ نگر ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب پہنچے، تاک میں بیٹھے بدمعاشوں نے ان پر گولیاں برسانا شروع کردیں۔
واقعے کے بعد اہل خانہ نے گودریج مالک اور ان کے بھائی کو صدر اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹر ہریندر کمار نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ کے بعد اہل خانہ میں غم و غصہ ہے۔مرنے والوں کی شناخت امریندر کمار سنگھ، عمر 45 سال، ساکن مفصل تھانہ اور شمبھو ناتھ سنگھ، رہائشی اسواپار علاقہ کے طور پر کی گئی ہے۔ شمبھو ناتھ سنگھ ایک سابق مکھیا تھے۔ دونوں تاجر تھے اور شہر میں اچھی شہرت رکھتے تھے۔
اس دوران پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملنے کے بعد بھگوان بازار تھانہ انچارج سبھاش کمار سنگھ، نگر تھانہ انچارج سنجیو کمار سنگھ اور صدر ڈی ایس پی راج کشور سنگھ موقع پر پہنچے اور گھر والوں سے پوچھ گچھ شروع کی۔