تاثیر 28 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 28مئی : بہار پولیس کے لیے بدھ کی صبح بری خبر لے کر آئی۔ ریاست کے دو پولیس اہلکاروں کی سڑک حادثے میں موت ہو گئی ہے۔ اس حادثے سے اہل خانہ کے ساتھ پولیس اہلکار بھی صدمے میں ہیں۔ در اصل مدھیہ پردیش کے رتلام میں بہار پولیس کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ ایک ٹیم بدمعاشوں کو پکڑنے کے لیے گجرات کے سورت شہر جا رہی تھی۔ اسی سفر کے دوران بدھ کی صبح دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر پولیس وین سے ٹکرا گئی۔ اس میں دو پولیس اہلکار کی موت ہوگئی جبکہ چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
متوفی سب انسپکٹر مکند مراری پٹنہ ضلع کے رہنے والے تھے۔ جبکہ کانسٹیبل وکاس کمار جہان آباد ضلع کے رہنے والے تھے۔ اس کے علاوہ جیودھاری کمار، رنجن کمار، متھلیش پاسوان اور سنتوش کمار اس واقعہ میں زخمی ہوئے ہیں۔ چار شدید زخمی جوانوں کو اندور ریفر کر دیا گیا ہے۔ رتلام کے ایس پی امت کمار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سڑک حادثے میں بہار پولیس کے دو اہلکاروں کی موت ہو گئی ہے۔ چار زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے اندور بھیجا گیا ہے۔ وہ وہاں زیر علاج ہیں۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ تمام پہلوو?ں پر غور کیا جا رہا ہے۔