تاثیر 25 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
گریڈیہہ، 25 مئی: ضلع کے تارا تانڑ تھانہ علاقے میں گریڈیہہ-دھنباد مین روڈ پر اتوار کی صبح ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ دو ٹرکوں کے درمیان خوفناک تصادم ہوا۔ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے ساتھ ساتھ 10 مویشی بھی جان کی بازی ہار گئے۔ مرنے والوں میں سے ایک کی شناخت مفصل تھانہ علاقہ کے لیڈا کے رہنے والے امیش کمار داس کے طور پر ہوئی ہے۔ امیش سیمنٹ لے کر دوارپیڑھی آ رہا تھا۔ دوسرے جاں بحق ڈرائیور کی شناخت نہیں ہو سکی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے گریڈیہہ بھیج دیا۔ واقعہ کے بعد متوفی کے لواحقین نے ڈانڈی ڈیہہ کے قریب سڑک بلاک کردی۔ تاہم پولیس کے سمجھانے پر جام ہٹا دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مویشیوں کو لے جانے والی کارگو گاڑی مخالف سمت سے آنے والے سیمنٹ سے لدے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تصادم شدید تھا۔ دونوں گاڑیوں کے تصادم کی آواز سن کر جب گاؤں کے لوگ جمع ہوئے تو انہوں نے دیکھا کہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی موت ہو چکی ہے۔