تاثیر 26 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 26 مئی:نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ پیر کو مدھیہ پردیش کے ایک روزہ دورے پر نرسنگھ پور پہنچے۔ یہاں انہوں نے زراعت اور باغبانی کے شعبے میں اختراعات، تکنیکی اپ گریڈیشن اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف تین روزہ ‘ایگریکلچر انڈسٹری کنکلیو’ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کے ساتھ وزراء ، زرعی صنعت کار، برآمد کنندگان کے نمائندے اور کسانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس سے پہلے نائب صدر دھنکھڑ ہندوستانی فضائیہ کے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے صبح تقریباً 11:30 بجے جبل پور پہنچے اور کچھ دیر یہاں رہنے کے بعد وہ فضائیہ کے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے دوپہر 12:30 بجے نرسنگ پور ہیلی پیڈ پہنچے۔ نائب صدر کے ساتھ ان کی بیوی سدیش دھنکھڑ بھی نرسنگھ پور آئی ہیں۔ یہاں ان کا استقبال گورنر پٹیل اور وزیر اعلیٰ موہن یادو کے ساتھ دیگر عوامی نمائندوں نے کیا۔ بعد ازاں نائب صدر دھنکھڑ نے بطور مہمان خصوصی نرسنگھ پور میں زرعی پیداوار مارکیٹ کے قریب منعقدہ ایگریکلچر انڈسٹری میٹ کا افتتاح کیا۔ اس دوران نائب صدر جمہوریہ نے گورنر اور وزیر اعلیٰ کے ساتھ یہاں 116 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔