تاثیر 20 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بہار شریف20 جون (محمد دانش) انجمن ترقی اردو نالندہ کی ایک اہم میٹنگ کا انعقاد بمقام دفتر اقلیتی فلاح نالندہ کہ ہال میں ہوئی جس کی صدارت انجمن کے صدر سلطان انصاری نے کی۔اس اہم میٹنگ میں گزشتہ نشستوں کی کاروائیوں کا جائزہ لیا گیا اور ان نشستوں میں لیے گئے فیصلے پر کس حد تک عمل درامد ہوا اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ضلع میں اردو کے فروغ اور اس کی ترویج و اشاعت کے لیے تمام اردو دوست عوامل سے مل کر کام کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔انجمن کی کوششوں سے گزشتہ دنوں ضلع اردو سیل نالندا کی جانب سے ایک مکتوب جاری کیا گیا جس میں ضلعے کے تمام سرکاری دفاتر کے نام اور عوامی مقامات کے نام وغیرہ کے علاوہ ان کے بینر اور نیم پلیٹ وغیرہ کے نام کو بھی اردو میں لکھے جانے کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔اس مکتوب کے جاری کیے جانے پر انجمن ترقی اردو نالندہ کی جانب سے انچارج افیسر اردو سیل ضلع نالندہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔نشست میں لیے گئے فیصلے کے مطابق جناب بینام گیلانی، جناب افتاب حسن شمس،جناب تنویر ساکت اور جناب سرفراز خان صاحب پر مبنی ایک وفد نے بلاک ترقیاتی افیسر بہار شریف سے ملاقات کر بلاک اور سرکل افس کے نام اور تختیوں کو اردو میں لگوانے کی گزارش کی جس پر و انہوں نے مثبت جواب دیا اور اس سلسلے میں جلد ہی کاروائی کرنے کا یقین دلایا۔میٹنگ میں لیے گئے ایک اہم فیصلے میں تمام اردو ابادی سے گزارش کی گئی کہ وہ اپنی درخواست تمام دفاتر میں اردو میں لکھ کر دیں۔اس پر نہ صرف یہ کہ عمل درآمد ہوگا بلکہ متعلقہ اردو عملے بطور خاص تسلیم انصاری نے زور دے کر کہا کہ ترجیحی بنیاد پر اردو میں دیے گئے درخواستوں کا کام سب سے پہلے کیا جائے گا۔اس کے علاوہ اس میٹنگ میں ایک بار پھر یہ مطالبہ کیا گیا کہ نالندہ ضلع بطور خاص بہار شریف کی ایک بڑی آبادی جو اردو مضمون میں گریجویشن کر رہی ہے ان کو ایم اے کرنے کے لیے دوسرے ضلع کا رخ کرنا پڑتا ہے لہذا جلد از جلد کم از کم علامہ اقبال کالج، مہیلا کالج،صغری کالج،نالندہ کالج کسان کالج اور پٹیل کالج میں اردو شعبے قائم کیے جائیں تاکہ یہاں سے طلبہ اردو میں ایم اے کر سکیں۔ اس کے لیے انجمن کے ایک وفد کو گورنر بہار سے ملنے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔اس میٹنگ میں شامل شرکا میں سلطان انصاری کے علاوہ بے نام گیلانی،مختار الحق،افتاب حسن شمس،منا ملک،عبدالحق، تنویر ساکت، سرفراز احمد خان، مجاہد قاسمی اور شاہنواز وغیرہ شامل تھے جبکہ ضلع اقلیتی فلاح افسر جناب سندیپ بھارتی نے بھی اردو کے فروغ کے سلسلے میں تمام تعاون کا وعدہ کیا اور انجمن ترقی اردو نالندہ کے کام کی ستائش کی۔