مدھیہ پردیش میں مانسون کی آمد، کئی اضلاع میں بارش ہوئی، آٹھ اضلاع میں آج شدید بارش کا الرٹ

تاثیر 20 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 20 جون: مدھیہ پردیش میں مانسون نے اب پوری ریاست کو محیط کر لیا ہے۔ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کو کئی اضلاع میں باش ہوئی۔ نیمچ میں ندی اور نالوں میں طغیانی آگئی اور کاریں اور بائک بہہ گئے۔ ایسا ہی موسم جمعہ کو بھی جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے آج اشوک نگر، گنا، دموہ، پنا، ستنا، میہر، ریوا اور مئوگنج میں موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اندازہ ہے کہ یہاں 24 گھنٹوں میں 2.5 سے 4.5 انچ بارش ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے باقی اضلاع بشمول بھوپال، اندور، اجین، گوالیار، جبل پور میں گرج چمک کے ساتھ آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ اگلے 4 دنوں تک پوری ریاست میں آندھی اور بارش جاری رہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کم دباو والے علاقے، تین سائکلونک سرکولیشنز اور دو ٹرف کی سرگرمیاں ہیں۔ ایک ٹرف لائن ریاست کے قریب سے گزر رہی ہے۔ ان وجوہات کی وجہ سے ریاست میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کو بھوپال، اندور، اجین، جبل پور، رتلام، مندسور، نیمچ، راج گڑھ، اشوک نگر اور ہردا سمیت کئی اضلاع میں بارش جاری رہی۔ مالوا خطہ میں موسلادھار بارش کی وجہ سے ندی اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ نیمچ اور مندسور میں سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ اندور کے مہو میں خشک چشموں میں پانی آگیا ہے۔ راج گڑھ ضلع کے بیاورا میں مسلسل موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ ضلع کے سٹھالیا، ملاور، کرانواس سمیت آس پاس کے گاوں میں بھی پانی گرا۔ نرمداپورم، ڈنڈوری میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔