تاثیر 14 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تہران، 13 جون: اسرائیل کے فضائی حملوں سے ایران خبردار ہوگیا ہے۔ اسرائیل کی فوج نے ایٹمی تنصیبات کو نقصان اور کئی فوجی افسران اور سائنسدان کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس پر رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جمعہ کی صبح ایک پیغام میں شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو ایرانی انتقام برداشت کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔تہران ٹائمز اخبار کے مطابق، خامنہ ای نے ایک سرکاری پیغام میں جمعہ کی صبح تہران میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم چار ایرانی فوجی افسران اور ایٹمی سائنسدان کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی، خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد، ایران کے ایٹمی سائنسدان، سابق ایٹمی سربراہ فریدون عباسی اور محمد مہدی تہرانچی کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا۔
سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ آج صبح سویرے صیہونی حکومت نے ایران میں جرائم کا ارتکاب کرکے اپنے ہاتھ خون سے رنگے ہیں۔ رہائشی مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ صیہونی حکومت کو سخت سزا کا انتظار کرنا چاہیے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کا طاقتور ہاتھ اٹھے گا۔
خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیلی حکومت نے ایران پر راتوں رات حملوں کے ذریعے اپنے لیے ایک تلخ اور تکلیف دہ تقدیر پر مہر ثبت کر دی ہے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے کے مطابق اب اسے سخت سزا کا انتظار کرنا پڑے گا۔ تصویروں میں دارالحکومت میں کئی مقامات پر رہائشی عمارتوں کو تباہ شدہ دکھایا گیا ہے۔ عینی شاہدین اور سرکاری ٹی وی کے نامہ نگاروں نے بتایا کہ انہوں نے متاثرین میں خواتین اور بچوں کی لاشیں دیکھی ہیں۔