چراغ پاسوان نےمظفر پورعصمت دری معاملے میں حکومت کو کیا بے نقاب

تاثیر 3 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ،04جون:مظفر پور کی ایک نابالغ دلت لڑکی کی عصمت دری کا معاملہ بہار کی سیاست میں گرم ہے۔ اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکمراں جماعت کے اتحادی بھی سوالات اٹھا رہے ہیں۔ اب ایل جے پی آر کے سربراہ اور مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے اس سلسلے میں وزیر اعلی نتیش کمار کو خط لکھا ہے۔ جس میں انہوں نے امن و امان کے ساتھ ساتھ صحت کے ناقص نظام کا بھی ذکر کیا ہے۔چراغ پاسوان نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 مئی کو مظفر پور ضلع کے کڑھنی علاقے میں ایک دلت لڑکی کی اجتماعی عصمت دری اور پھر بہیمانہ قتل کے واقعے نے پورے بہار کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ نہ صرف ایک معصوم جان کا وحشیانہ قتل ہے بلکہ ہماری ریاست کے امن و امان، سماجی شعور اور صحت عامہ کے نظام کی گہری ناکامی کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔