بی جے پی میں تنظیم اور ایم ایل اے کے درمیان تنازعہ کی آہٹ

تاثیر 15 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتہ، 14 جون: 2026 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے مغربی بنگال بی جے پی میں اندرونی کشمکش اور عدم اطمینان کی آوازیں بلند ہوتی جارہی ہیں۔ ان حالات کے پیش نظر پارٹی کے مرکزی مبصر اور قومی جنرل سکریٹری سنیل بنسل ہفتہ کو کولکاتہ کے سالٹ لیک میں واقع پارٹی دفتر میں ریاست کے بی جے پی ایم ایل ایز کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ کرنے والے ہیں۔ اس ملاقات کو پارٹی کے اندر دیرینہ رنجشوں اور باہمی اختلافات کو دور کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
ریاست کے کئی بی جے پی ایم ایل اے پچھلے کئی مہینوں سے الزام لگا رہے ہیں کہ پارٹی تنظیم کے اعلیٰ عہدیدار انہیں نظر انداز کر رہے ہیں۔ ایم ایل اے کی شکایت ہے کہ نہ تو انہیں کسی سطح کی منصوبہ بندی میں شامل کیا جا رہا ہے اور نہ ہی ان کے علاقائی مسائل کو سنا جا رہا ہے۔ کچھ ایم ایل اے کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بات تنظیم تک پہنچانا چاہتے ہیں، لیکن انہیں پلیٹ فارم یا موقع نہیں مل رہا ہے۔ مختلف پارٹی کمیٹیوں کی تشکیل میں ایم ایل اے کا کردار بھی تقریباً نہ ہونے کے برابر رہا ہے۔ ایسے میں ان کے اندر بے اطمینانی گہری ہوتی جارہی ہے جو اب کھل کر سامنے آرہی ہے۔ کئی ایم ایل اے نے اپنے قریبی حلقوں میں یہ بھی کہا ہے کہ پارٹی میں تنظیم اور منتخب نمائندوں کے درمیان رابطے کا بہت زیادہ فقدان ہے جس سے انتخابی تیاریوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔
ایسے میں مرکزی مبصر سنیل بنسل کی یہ ملاقات بہت اہم سمجھی جا رہی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بنسل اس میٹنگ میں ایم ایل اے سے براہ راست بات کریں گے اور ان کی باتوں کو سنجیدگی سے سنیں گے۔ میٹنگ کا مقصد نہ صرف مسئلہ کو سننا ہے بلکہ تنظیم اور ایم ایل ایز کے درمیان اعتماد کی خلیج کو پاٹنا بھی ہے۔