تاثیر 15 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 14 جون: ہندوستان کی پرنتی نائک نے والٹ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جنوبی کوریا کے جیچیون جمنازیم میں منعقد ہونے والی ایشین آرٹسٹک جمناسٹک چمپئن شپ 2025 میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ ہفتہ کو منعقدہ فائنل میں 30 سالہ پرنتی 13.466 کے اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔اس مقابلے میں چین کے ایہان زانگ نے گولڈ اور ویتنام کے گوئین تھی کنہ نہو نے
نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ وہیں ہندوستان کی ایک اور شریک پرتشٹھا سمانتا 13.016 کے اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہیں اور تمغہ سے محروم رہیں۔
یہ کانسی کا تمغہ پرنتی نائک کے ایشین چمپئن شپ کیریئر کا تیسرا تمغہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2019 (اْلانبتار) اور 2022 (دوحہ) میں والٹ ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اس نے دیپا کرماکر کا دو تمغوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور وہ ہندوستان کی جانب سے اس مقابلے میں سب سے زیادہ تمغے جیتنے والی جمناسٹ بن گئی ہیں۔ اس سال مارچ میں بھی، پرنتی نے ترکی کے انطالیہ میں منعقدہ ایف آئی جی آرٹسٹک جمناسٹک اپریٹس ورلڈ کپ میں والٹ ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ ان کی مسلسل کارکردگی ہندوستانی جمناسٹکس کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔