تصادم میں50 ہزار انعامی مارا گیا

تاثیر 20 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

فیروز آباد، 20 جون:شکوہ آباد تھانہ پولیس اور ایس او جی ٹیم کا آگرہ کے ایک بدمعاش کے ساتھ انکاونٹر ہوا۔ گولی لگنے سے زخمی ہونے والا بدمعاش اسپتال میں دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والا بدمعاش بزرگ جوڑے کے قتل اور ڈکیتی کے لیے معمر خاتون پر جان لیوا حملے کیمعاملے میں مطلوب تھا اور اس پر 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سوربھ دیکشت نے بتایا کہ 4 مارچ کی رات شکوہ آباد تھانے کے ونشی نگر میں مویشیوں کے پلاٹ میں گھس کر لوٹ مار کی نیت سے منالال یادو اور اس کی بیوی متھلیش کا بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی 15 جون کی رات ملکھان پور گاوں میں بزرگ خاتون سورج مکھی ، بیوی آنجہانی شیورام یادو پر لوٹ مار کی نیت سے حملہ کیا گیا۔
ان دونوں واقعات میں مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی۔ تفتیش کے دوران دونوں معاملوں میں ملزم راجو خان ولد کلو خان عرف دھرمیندر ساکن رائے پورہ رام گڑھ موجودہ پتہ شاہ گنج آگرہ کا نام سامنے آیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس آگرہ رینج آگرہ نے ملزم کی گرفتاری کے لیے 50 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔