تاثیر 20 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
رودرپریاگ (اتراکھنڈ)، 20 جون:کیدارناتھ وائلڈ لائف ڈویژن کے اوکھی مٹھ رینج کے بالائی علاقوں میں برفانی تیندوے کی سرگرمیاں ٹریپ کیمرے میں قید ہوئی ہیں۔ برفانی تیندوا یہاں برف سے ڈھکے برفانی تودوں کے درمیان نظر آیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس علاقے میں پیلی گردن والے نیولے اور سرخ لومڑی سمیت کئی کمیاب نسلوں والے پرندوںبھی موجود ہیں ۔
ان کیمروں کا ڈی ایف او ترون ایس کی نگرانی میں جائزہ لیا جا رہا ہے جس میں کئی جنگلی جانور نظر آ رہے ہیں۔ اس برفانی تیندوے کو ہمالیہ سے ملحقہ اوکھی مٹح رینج کے علاقے میں دیکھا گیا ہے۔ یہ نایاب جنگلی جانور بہت بڑے علاقے میں گھوم رہا ہے۔ محکمہ کے حکام کا کہنا ہے کہ برفانی تیندوے کو کافی عرصے بعد دیکھا گیا ہے۔
اس خطے میں کستوری ہرن، بھورا ریچھ، بھونکنے والا ہرن، پیلی گردن والا نیولا، سرخ لومڑی بھی اچھی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پرندوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ مونال کے ساتھ ساتھ ہمالیہ کے اونچے علاقے میں تیتروں کی کئی اقسام پائی جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی لیپرڈ، ریچھ، سانبھ، گھورل، کاکھڈ، ہمالیائی تھار بھی پورے ڈویژنل علاقے میں پائے جاتے ہیں۔
ڈی ایف او کیدارناتھ وائلڈ لائف ڈویژن گوپیشور ترون ایس نے کہا کہ ٹریپ کیمروں کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ برفانی تیندوے کا نظر آیا اچھی خبر ہے۔ ہمالیہ کے علاقے میں پائے جانے والے بہت سے کمیاب جانور اپنے اہل خانہ کے ساتھ ٹہلتے -گھومتے نظر آتے ہیں۔ یہ فطرت اور ماحول کے لیے اچھا ہے۔ تمام ٹریپ کیمروں کا معائنہ جولائی کے دوسرے ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے بعد ڈویژنل ایریا میں جنگلی حیات اور پرندوں کی انواع کی صحیح تعداد معلوم ہو سکے گی۔