تاثیر 26 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 26 جون:جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں واقع ماتا ویشنو دیوی درشن کے لیے جانے والا نیا راستہ جمعرات کو شدید بارش کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے بند ہو گیا۔ حکام کے مطابق، یاترا فی الحال پرانے روایتی راستے سے بحفاظت جاری ہے، تاہم بیٹری کار اور ہیلی کاپٹر سروس معطل ہے۔
اطلاعات کے مطابق، مٹی کا تودہ ہِمکوٹی راستے پر ’ستیہ ویو پوائنٹ‘ کے قریب گرا، جس کے بعد یاتریوں کو فوری طور پر پرانے راستے کی طرف موڑ دیا گیا۔ شرائن بورڈ نے پہلے ہی مسلسل بارشوں اور نئے راستے پر لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر یہ فیصلہ کر لیا تھا۔ بھیرَو مندر کی طرف جانے والے راستے پر بھی ایک اور تودہ گرنے سے یاتریوں کی آمد و رفت میں خلل پیدا ہوا ہے۔ متعلقہ محکمے دونوں مقامات پر ملبہ ہٹانے کے لیے مشینری اور عملہ تعینات کر چکے ہیں اور بحالی کا کام جاری ہے۔یاد رہے کہ 24 جون کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یاترا کے تمام راستوں پر خطرناک مقامات کی نشاندہی کر کے فوری اقدامات کی ہدایت دی تھی تاکہ لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرنے جیسے خطرات سے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔