بہار میں ہی منشیات کی ہوگی جانچ ، پٹنہ کو جدید ترین ڈرگ کنٹرول لیبارٹری ملی

تاثیر 26 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 26 جون: بہار میں صحت خدمات کو نئی طاقت دینے کی سمت میں ایک بہت اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔ ریاستی وزیر صحت منگل پانڈے نے آج پٹنہ کے اگم کنواں واقع جی این ایم ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، این ایم سی ایم میں 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈرگ کنٹرول لیبارٹری کا افتتاح کیا۔ اس لیبارٹری کو جدید ترین سہولیات سے لیس کیا گیا ہے۔ اس لیبارٹری میں اب ریاست میں ہی ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کی جانچ کی جاسکتی ہے۔اس موقع پر وزیر صحت منگل پانڈے نے کہا کہ اس سے صحت کی حفاظت کے میدان میں ایک نیا انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کو جانچ کے لیے نمونے کولکاتا جیسے شہروں میں نہیں بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے نمونے کی رپورٹ آنے میں کئی ماہ لگتے تھے۔ لیکن اب وقت پر ضروری کارروائی کرنا آسان ہو جائے گا۔ اس نئی لیبارٹری کے شروع ہونے سے اب نہ صرف فوری طور پر ٹیسٹ کیے جائیں گے بلکہ غلط اور نقلی ادویات کی نشاندہی اور انہیں مارکیٹ سے ہٹانے میں بھی تیزی ائے گی۔