تاثیر 1 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
رائے پور، یکم جون:چھتیس گڑھ میں آج صبح اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کی ٹیم نے درگ ضلع کے بھیلائی میں وجے بھاٹیہ اور ان کے رشتہ داروں کے 5 مقامات پر چھاپے مارے۔ وجے بھاٹیہ پیشے سے ایک تاجر ہیں اور چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کے قریبی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ چھاپہ ایکسائز اسکام کیس میں مارا گیا ہے۔
ایجنسی نے نہرو نگر ایسٹ، بھلائی میں وجے بھاٹیہ کے دو رشتہ داروں کے گھروں، بھیلائی سیکٹر 06 میں وجے کے فرنیچر شو روم، ہتھکھوج میں اس کی فیکٹری اور آدرش نگر میں اس کے والد کے آبائی گھر پر چھاپے مارے۔
قابل ذکر ہے کہ شراب گھوٹالہ کے سلسلے میں ای ڈی، اے سی بی-ای ڈبلیو کے افسران نے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کے قریبی سمجھے جانے والے وجے بھاٹیہ کے گھر پر تین بار چھاپہ مارا ہے۔ چھتیس گڑھ کا یہ بہت مشہور شراب گھوٹالہ 2019 اور 2022 کے درمیان ریاست کی سرکاری شراب کی دکانوں سے شراب کی غیر قانونی فروخت سے متعلق ہے۔ اس گھوٹالے میں نقصان 2,000 کروڑ روپے سے زیادہ بتایا جاتا ہے۔