جوہری ٹھکانوں پر امریکی حملوں کے ردعمل میں، ایران نے کہا – طویل مدتی نتائج ہوں گے

تاثیر 22 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

تہران، 22 جون: ایران نے اپنی تین جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) پر لاتعلقی کا الزام عائد کیا۔ ایران نے عالمی برادری سے امریکی حملوں کی مذمت اور ایران کے موقف کی حمایت کی اپیل کی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز ایران کی تین جوہری تنصیبات فردو، نتانز اور اصفہان کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ امریکہ نے ایران کی پرامن ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرکے اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور این پی ٹی کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ اس کے طویل مدتی نتائج برآمد ہوں گے اور اقوام متحدہ کے ہر رکن کو اس انتہائی خطرناک، افراتفری اور مجرمانہ رویے پر تشویش ہونی چاہیے۔ عباس عراقچی نے لکھا کہ ایران کے پاس اپنی خودمختاری، مفادات اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام آپشن موجود ہیں۔