بھارت نے دہشت گردی کے معاملے پر ایس سی او کی دستاویز پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا

تاثیر 26 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 26 جون : چین کے شہر چنگ ڈاؤ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع کی میٹنگ میں شرکت کے لیے گئے راج ناتھ سنگھ نے ایس سی او کے مشترکہ بیان پر دستخط نہیں کیے ہیں۔ اس کے پیچھے ان کی دلیل یہ ہے کہ چین اور پاکستان نے دہشت گردی کے معاملے پر ہمیشہ سخت موقف کے بجائے نرم رویہ اپنایا ہے۔ یہ اختلاف اس لیے بھی تھا کہ مسودے میں دہشت گردی کی صحیح تعریف نہیں کی گئی۔
چنگ ڈاؤ میں ایس سی او ممالک کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے کے لیے پاکستان کے حمایت یافتہ گروپوں کو ذمہ دار ٹھہرایا، جس میں 26 شہری مارے گئے تھے۔ جس کے جواب میں بھارت نے آپریشن ’سندور‘ شروع کرکے فوجی جواب دیا۔ ان کے بیان میں دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے مضبوط موقف، ایس سی او سے کارروائی کے مطالبے اور اسٹریٹجک خود مختاری کے عزم کی نشاندہی کی گئی۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کا نمونہ ہندوستان میں لشکر کے پچھلے دہشت گردانہ حملوں سے ملتا ہے۔