اندر پرستھ یونیورسٹی نے یتیم بچوں کے داخلے کے لیے کوٹہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا

تاثیر 14 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 13 جون:اندر پرستھ یونیورسٹی (آئی پی یو) نے جمعہ کو مختلف پروگراموں میں داخلے کے لیے یتیم بچوں کے لیے کوٹہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مہیش ورما نے کہا کہ 60ویں اکیڈمک کونسل کی میٹنگ میں اس کوٹہ کو تعلیمی سیشن 2025-26 سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یونیورسٹی کی جانب سے پچھلے سال شروع کیے گئے “سنگل گرل کوٹہ” کی طرز پر، دونوں کیمپسز میں چلنے والے تمام یونیورسٹی اسکولوں کے تمام یو جی اور پی جی پروگراموں میں اس کوٹہ سے ایک اضافی سیٹ پْر کی جائے گی۔
وائس چانسلر ڈاکٹر مہیش ورما نے آج میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس کوٹہ سے داخلہ لینے والے طالب علم کی پوری فیس معاف کر دی جائے گی۔ اس کے لیے، طالب علم کو یونیورسٹی کے ذریعے چلائی جانے والی مالی امداد کی اسکیم ای ڈبلیو ایس اسکیم” میں 100% فیس معافی کے لیے درخواست دینا ہوگی۔