اسرائیل کو سزا جاری رہے گی:ایرانی سپریم لیڈرخامنہ ای کا اعلان

تاثیر 23 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ریاض،23جون:امریکہ کی جانب سے ایران کے تین جوہری مراکز فردو، اصفہان اور نطنز پر حملے کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنے ابتدائی ردعمل میں امریکہ کے بجائے اسرائیل کو نشانے پر رکھتے ہوئے کہا ہے کہ ’اسرائیل کو دی جانے والی سزا تاحال جاری ہے‘۔خامنہ ای نے یہ بات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’ایران کی جوہری تنصیبات کو سب سے زیادہ نقصان زمین کی سطح سے بہت نیچے پہنچا ہے‘۔ایران کی طرف سے بھی متعدد بیانات سامنے آئے ہیں جن میں امریکہ کی کارروائیوں کا جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے، تاہم ابھی تک اس ردعمل کی نوعیت، وقت یا دائرہ کار کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔