تاثیر 20 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
میڈرڈ، 20 جون: ٹینس کے عظیم کھلاڑی رافیل نڈال کو جمعرات کوا سپین کے بادشاہ فیلیپے ششم نے ’مارکوئس‘ کے خطاب سے نوازا۔ یہ اعزاز انہیں کھیلوں کے میدان میں ان کی منفرد خدمات اور ملک کا سر فخر سے بلند کرنے پر دیا گیا ہے۔
شاہی محل کی طرف سے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’وہ (اعزازبافتہ شخص) اسپین کے لیے قابل فخر ہیں اور ان اقدار کی علامت ہیں جو معاشرے کوترغیب دے سکتی ہیں۔‘‘
گزشتہ برس پروفیشنل ٹینس سے ریٹائر ہونے والے 22 بار کے گرینڈ سلیم فاتح نڈال کو یہ اعزاز کنگ فیلیپ ششم کے دور کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر دیا گیا جس میں چھ نامور شخصیات کو اعزاز سے نوازا گیا۔
دیگر مشہور شخصیات جن کو خطاب سے نوازا گیا ان میں معروف پاپ-راک گلوکارہ لوز کیسل اور پیرا اولمپک تیراک ٹریسا پیرالیس شامل ہیں۔
نڈال کو اپنے آبائی جزیرے مایورکا کے نام پر ’مارکوئس آف لیونٹ ڈی میئرکا‘کا خطاب ملا ہے۔ یہ ایک موروثی لقب ہوگا جو اس کی اولاد کو وراثت میں مل سکے گا۔39 سالہ نڈال نے ریکارڈ 14 مرتبہ فرنچ اوپن جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ انہیں گزشتہ ماہ رولینڈ گیروس کے سینٹر کورٹ پر مستقل ’فٹ پرنٹ‘ سے نوازا گیا تھا۔