تاثیر 21 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پورنیہ، 21 جون: ضلع کے مفصل تھانہ نے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی سازش کاانکشاف کرتے ہوئے ایک اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار اسمگلر کے قبضے سے 104 گرام اسمیک، 3 لاکھ روپے نقدی اور ایک موبائل برآمد ہوا ہے۔ ملزم مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کا رہنے والا ہے جواسمیک کی کھیپ لے کر کٹیہار جارہا تھا۔
خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مفصل تھانہ انچارج اتم کمار کی قیادت میں ایک خصوصی چھاپہ ماری ٹیم نے اوور برج کے قریب گھیر لیا۔ جیسے ہی مشکوک شخص موقع پر پہنچا تو پولیس کو دیکھ کر بھاگنے لگا تاہم طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اسے پکڑ لیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس کی شناخت سلیم شیخ کے نام سے ہوئی جس کی عمر 40 سال تھی۔
پولیس ٹیم کی اس کارروائی میں ضلع انفارمیشن یونٹ سمیت کئی تجربہ کار افسران شامل تھے۔ ملزم کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔