میسی فیفا کلب ورلڈ کپ میں انٹر میامی کی قیادت کرنے کے خواہشمند

تاثیر 15 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

میامی، 14 جون: فٹبال لیجنڈ لیونل میسی نے کہا ہے کہ 2025 میں امریکہ میں ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ سے ان کی توقعات پہلے کے میچوں سے مختلف ہوں گی جب وہ بارسلونا کے لیے اس باوقار ٹورنامنٹ میں شرکت کرتے تھے۔ میسی 2009، 2011 اور 2015 میں بارسلونا کے ساتھ کلب ورلڈ کپ جیت چکے ہیں۔ اس بار یہ ٹورنامنٹ 32 ٹیموں کے توسیعی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جو چار ہفتوں تک جاری رہے گا اور یہ امریکہ کے 11 شہروں میں منعقد ہوگا۔
فیفا سے بات کرتے ہوئے، میسی نے کہا، ’’اس ٹورنامنٹ کا حصہ بننا ایک بہت ہی خاص موقع ہے۔ اس بار توقعات مختلف ہیں لیکن میں پرجوش ہوں اور دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف اچھی کارکردگی کا منتظر ہوں۔‘‘
انٹر میامی ہفتہ کو میامی کے ہارڈ راک اسٹیڈیم میں الاحلی کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ اس کے بعد ٹیم کا مقابلہ پالمیراس اور پورٹو سے ہوگا۔ میسی نے کہا کہ فیفا کے تمام چھ براعظموں کی ٹیموں کی شرکت اس ٹورنامنٹ کو کھلاڑیوں اور تماشائیوں دونوں کے لیے ایک خاص تجربہ بنائے گی۔
انہوں نے کہا، ’’دنیا بھر سے بڑی ٹیمیں آ رہی ہیں اور اس نے دنیا بھر کے لوگوں کی دلچسپی کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔ یہ ہمارے لیے ایک نیا اور مختلف تجربہ ہے۔ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو امریکہ میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کا یہ ایک حیرت انگیز موقع ہے۔‘‘ حالانکہ اس نے تسلیم کیا کہ یورپی کلب خطاب کے مضبوط دعویدار ہوں گے، لیکن انہوں نے جنوبی امریکہ اور دیگر خطوں کی ٹیموں کو بھی کم نہیں سمجھا۔