پٹمدا میں آوارہ کتوں کی دہشت جاری، اب تک 20 سے زائد افراد زخمی

تاثیر 15 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مشرقی سنگھ بھوم، 14 جون: مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے پٹمدا اور بوڑام بلاکس میں آوارہ کتوں کی دہشت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ دیگھی گاوں اور گردونواح میں کتوں کے کاٹنے سے 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ خوف کے سایے میں رہ رہے گاوں والے اب لاٹھیوں سے پہرہ دے رہے ہیں اور بغیر ہتھیاروں کے گھر سے نکلنا چھوڑ دیا ہے۔
پٹمدا بلاک کے دیگھی گاوں میں جمعہ کی رات ایک بار پھر آوارہ کتے نے حملہ کر کے تین لوگوں کو زخمی کر دیا۔ رات 8 بجے کے قریب ہوئے اس حملے میں 60 سالہ ستیش مہتو، 25 سالہ خاتون ممتا کرماکر اور ایک اور شخص کو کتے نے کاٹ لیا۔ ستیش مہتو کو تشویشناک حالت میں ماچا کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) لے جایا گیا، جہاں انہیںٹٹنس اور اینٹی ریبیز ویکسین دی گئیں۔ ممتا کرماکر اور دیگر زخمیوں کا روایتی ڈاکٹر سے جڑی بوٹیوں سے علاج کروایا گیا۔
گاوں والوں کے مطابق یہ آوارہ کتا گزشتہ 20 دنوں سے علاقے میں گھوم رہا ہے اور پٹمدا اور بوڑام علاقے میں اب تک 20 سے زائد افراد کو زخمی کر چکا ہے۔ تقریباً 15 دن پہلے اس کتے نے گاوں کے استاد رنجیت مہتو کو بھی کاٹ لیا تھا۔ جمعرات کی رات جھارگرام کے چار باراتیوں کو جو گاوں کے مکھیا ابھیرام مہتو کی بھتیجی کی شادی میں شرکت کے لیے آئے تھے، کو بھی تالاب کے قریب اس کتے نے کاٹ لیا۔ تمام زخمیوں کا مغربی بنگال میں علاج کیا گیا۔