کٹرا ریلوے اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر عمر عبداللہ نے اسٹیٹ ہڈ کا مطالبہ دہرایا

تاثیر 6 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 6 جون:وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے وادی? کشمیر کے لیے پہلی وندے بھارت ٹرین کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کو دوبارہ ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ ایک بار پھر مؤثر انداز میں دہرایا۔کٹرا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے یاد دلایا کہ 2014 میں کٹرا ریلوے اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر وہ بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت آپ نے پہلی بار وزیر اعظم کا منصب سنبھالا تھا، جتیندر سنگھ پی ایم او میں وزیر مملکت تھے، منوج سنہا ریلوے کے وزیر مملکت کی حیثیت سے موجود تھے اور میں ایک ریاست کا وزیر اعلیٰ تھا۔ آج وہ سب ترقی پا چکے ہیں، لیکن میں ایک ریاست سے مرکزی زیر انتظام علاقہ کے سربراہ تک محدود ہو گیا ہوں۔
انہوں نے پْراعتماد لہجے میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ صورتحال عارضی ہے، اور آپ کی قیادت میں جموں و کشمیر کو دوبارہ ریاست کا درجہ ضرور حاصل ہوگا۔عمر عبداللہ نے کہا کہ کشمیر کو ریل کے ذریعے ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنا ایک دیرینہ خواب تھا، جسے آج وزیر اعظم مودی نے حقیقت میں بدل دیا ہے۔