پولیس نے 36 بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کیا

تاثیر 16 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 16 جون: نارتھ ویسٹ ڈسٹرکٹ پولیس کے فارنرز سیل نے اتوار کو ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارت نگر علاقے میں وزیر پور جھگی بستی میں چھاپہ مار کر 36 غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ ان میں 19 بالغ اور 17 نابالغ شامل ہیں۔
یہ کارروائی فارنرز سیل کی جانب سے جاری خصوصی سرچ آپریشن کے تحت کی گئی۔شمال مغربی ضلع کے ڈی سی پی بھیشم سنگھ نے بتایاکہ انسپکٹر وپن کمار کی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ مشکوک غیر ملکی شہری دہلی میں غیر قانونی طور پر رہ رہے ہیں۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد پولیس ٹیم نے بھارت نگر تھانہ علاقے کے تحت وزیر پور کی کچی آبادیوں میں مکمل تلاشی مہم چلائی۔
تقریباً 25 فٹ پاتھوں اور 32 گلیوں میں سرچ آپریشن کے دوران ایک مشکوک نوجوان کو پکڑا گیا۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں اس نے جھوٹ بولنے کی کوشش کی لیکن بعد میں اس نے انکشاف کیا کہ وہ بنگلہ دیشی شہری ہے اور بغیر کسی درست دستاویزات کے بھارت میں رہ رہا ہے۔
ڈی سی پی کے مطابق اس کے ذریعہ فراہم کی گئی اطلاعات کی بنیاد پر پولیس نے دیگر غیر قانونی تارکین کو پکڑا۔ پکڑے گئے تمام افراد بغیر پاسپورٹ اور ویزا کے ہندوستان میں رہ رہے تھے۔ پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ ہریانہ کے میوات ضلع میں اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرتے تھے لیکن پولیس کی کارروائی کے خوف سے وہ وہاں سے بھاگ کر دہلی آگئے۔