میگھالیہ: جائے وقوعہ سے برآمد شدہ سی سی ٹی وی ویڈیو اور مواد دیکھ کر سونم نے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا

تاثیر 12 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

شیلانگ، 11 جون :میگھالیہ میں ہنی مون کے دوران اپنے شوہر راجہ رگھوونشی کے سنسنی خیز قتل کی مرکزی ملزمہ سونم رگھوونشی نے تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی ویڈیو اور جائے وقوعہ کے آس پاس سے برآمد ہونے والا کچھ مواد دکھانے کے بعد اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ ذرائع نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔
ذرائع کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے دن میں سونم سے پوچھ گچھ کی تو اس نے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کا اعتراف کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ میگھالیہ پولیس حکام کے سامنے اس کا اعتراف رسمی طور پر ریکارڈ کیا گیا، جس سے اس کے جرم میں براہ راست ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی۔پانچ ملزمان میں سے سونم رگھوونشی، اس کے مبینہ عاشق راج کشواہا، آنند کرمی، آکاش راجپوت اور وشال سنگھ چوہان کو پولیس نے شیلانگ لایا ہے۔ ان تمام کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس حکام نے انکشاف کیا کہ تین مبینہ کنٹر کٹ کلر – آکاش، آنند اور وکاس – توجہ مبذول کرنے سے بچنے کے لیے مختلف مراحل میں اندور سے شیلانگ پہنچے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج، ٹرین ٹکٹ بکنگ اور آدھار کارڈ کی فوٹو کاپیوں کے ذریعے ان کی نقل و حرکت کا پتہ لگایا گیا، جس سے افسران کو ان کی شناخت کی تصدیق کرنے اور میگھالیہ کے راستے کا پتہ لگانے میں مدد ملی۔