تاثیر 16 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 14 جون 2025 – ایسوسی ایشن آف اِنر وہیل کلب انڈیا نے اپنی گولڈن جوبلی یعنی 50ویں سالگرہ کے موقع پر “اورم افیئر” کے عنوان سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں 2025-26 کی ایسوسی ایشن صدر کی تقرری عمل میں آئی۔ یہ بین الاقوامی سطح پر خواتین کی سب سے بڑی رضاکارانہ فلاحی تنظیموں میں سے ایک ہے، جو “دوستی اور خدمت” کے اصول پر کاربند ہے۔ جے ڈبلیو میریٹ ہوٹل کولکاتا میں منعقدہ اس تقریب کی مہمانِ خصوصی محترمہ ممتا گپتا، صدر انٹرنیشنل اِنر وہیل تھیں۔
تقریب میں معروف کتھک رقاصہ اور پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر ملیکا سرابھائی اور “راکٹ ویمن آف انڈیا” کے لقب سے مشہور سائنس دان ڈاکٹر ریتو کری دھال شریواستو کو سونے سے کندہ خصوصی یادگار پیش کر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ تقریب تنظیم کی پانچ دہائیوں پر محیط خدمت، یگانگت اور قیادت کے سفر کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ایک نئے عہد کا آغاز کرنے کے طور پر منائی گئی۔