تاثیر 22 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
انقرہ،22جون:اقوام متحدہ کی بے گھر کر دیے گئے فلسطینیوں کے لیے قائم کی گئی ایجنسی ‘ انروا’ ترکیہ میں اپنا دفتر کھولے گی۔ دفتر دارالحکومت انقرہ میں کھولا جائے گا۔یہ بات ہفتے کے روز صدر ترکیہ طیب ایردوآن نے او آئی سی اجلاس سے خطاب کے دوران بتائی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مسلم ممالک سے اپیل کی کہ وہ ‘ انروا’ کے لیے زیادہ سے زیادہ امداد کا سامان پیدا کریں۔یاد رہے اقوام متحدہ کے اس ادارے پر اسرائیل نے غزہ جنگ کے تناظر میں پابندی لگا رکھی ہے کہ یہ جنگ زدہ اہل عزہ کی مدد نہ کر سکے۔ اسرائیل کی طرف سے یہ پابندی پچھلے سال لگائی گئی تھی۔اسرائیل نے اس امدادی اور ریلف کے ادارے پر الزام لگایا تھا کہ اس کے کارکن سات اکتوبر کے حملوں میں ملوث رہے ہیں۔ تاہم اقوام متحدہ کی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے اس الزام کے حوالے سے شواہد پیش نہیں کیے ہیں۔غزہ میں اسرائیلی فوج اقوام متحدہ کی اس ایجنسی ‘ انروا ‘ سمیت مختلف امدادی اداروں کے مراکز پر باقاعدہ ٹارگیٹڈ بمباری کر کے انہیں تباہ بھی کر چکی ہے۔