تاثیر 5 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ہگلی 5/ جون (تاثیر بیورو) آئندہ 7 جون بروزِ سنیچر کو مسلمانوں کا اہم تہوار عیدالاضحی ہے۔ اس تعلق سے مختلف علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے میٹنگیں ہو رہی ہیں اور ضروری ہدایات دی جا رہی ہیں۔ اس تعلق سے کل شام کو چندن نگر پولیس کمشنریٹ کے تحت واقع بھدریشور تھانہ کے چاپدانی پھانڑی کے زیر اہتمام کوآرڈی نیشن کمیٹی کی ایک میٹنگ ہوئی جس میں چندن نگر پولیس کمشنریٹ کے ڈی سی پی امینیکا ڈھوبال ،اے سی پی سنتوش مکھرجی ،بھدریشور تھانہ کے آئی سی اشیش ڈولائی ، چاپدانی پھانڑی کے زونل افسر رنجن داس اور دیگر افسران موجود تھے۔ ان کے علاوہ چاپدانی میونسپلٹی کے وائس چیئرمین بنوئے کمار، کونسلر سورج گپتا، ارون مشرا، بکرم گپتا، رمیش ساؤ، جیتندد سنگھ، بکرم ساؤ، سابق راشننگ افسر غلام سرور کے علاوہ مختلف علاقوں کی مسجد کمیٹیوں کے نمائندے موجود تھے۔ مسجد کمیٹی کے ذمہ داروں نے عیدالاضحی کی نماز کے اوقات کے علاوہ اپنی باتیں انتظامیہ کے سامنے پیش کی۔ علاقے کے سماجی و سیاسی نمائندوں نے کہا کہ ہر تہوار آپسی محبت اور بھائی چارگی کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ چاپدانی ہمیشہ ہی امن اور بھائی چارگی کا گہوارہ رہا اور اس کی روایت اب بھی برقرار ہے ۔گزشتہ دنوں وقف بل کے خلاف چاپدانی پھانڑی کے سامنے ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا، وہ ایک ناگہانی سانحہ تھا۔ اس طرح کے واقعہ سے انسانی ترقی نہیں رکتی اور نہ ہی آپسی محبت اور بھائی چارگی میں کوئی گہن لگ سکتا ہے بلکہ محبت، آپسی ملاپ اور بھائی چارگی قائم رہے گی۔