امریکہ کا چین سے ایران کو آبنائے ہرمز بند کرنے سے روکنے کا مطالبہ

تاثیر 22 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،23جون:امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے چین پر زور دیا ہے کہ وہ تہران کو آبنائے ہرمز بند کرنے سے باز رکھنے میں کردار ادا کرے، کیونکہ یہ اقدام امریکی فضائی حملوں کے ردعمل میں ایران کی جانب سے متوقع ردعمل کے طور پر سامنے آ سکتا ہے۔
مارکو روبیو نے امریکی چینل’فاکس نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ’میں بیجنگ میں چینی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے پر ایران سے بات کرے، کیونکہ چین اپنی تیل کی فراہمی کے لیے آبنائے ہرمز پر بری طرح انحصار کرتا ہے‘۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران واشنگٹن کی جانب سے اپنے جوہری مراکز پر حملے کے جواب میں آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا راستہ اختیار کر سکتا ہے۔ یہ آبی گزرگاہ دنیا کے تیل کی ترسیل کا ایک اہم ذریعہ ہے جہاں سے دنیا بھر کے کل تیل کا پانچواں حصہ گزرتا ہے۔روبیو نے مزید کہاکہ ’اگر ایران نے ایسا کیا تو یہ ایک اور سنگین غلطی ہوگی۔ یہ ان کے لیے معاشی خودکشی کے مترادف ہوگا۔ ہمارے پاس اس سے نمٹنے کے کئی آپشن موجود ہیں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ’دیگر ممالک کو بھی اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے، کیونکہ اس کے نتائج ان کی معیشتوں پر امریکہ سے کہیں زیادہ منفی پڑیں گے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک بہت بڑا اشتعال انگیز اقدام ہوگا، جس کا ردعمل صرف ہماری جانب سے نہیں، بلکہ دیگر ممالک کی طرف سے بھی آ سکتا ہے۔