تاثیر 22 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،23جون:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں ایران کے جوہری مراکز کو شدید نقصان پہنچا ہے، خاص طور پر وہ اہداف جو زمین کی سطح سے کافی نیچے واقع تھے۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشیل‘ پر لکھاکہ ’ایران کے تمام جوہری مراکز کو شدید نقصان پہنچا ہے، جیسا کہ سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے۔ تباہی کا لفظ اس موقع پر بالکل درست ہے۔انہوں نے مزید لکھاکہ ’یہ سفید رنگ کا ڈھانچہ چٹان کے اندر گہرائی میں نصب تھا، یہاں تک کہ اس کی چھت بھی زمین کی سطح سے بہت نیچے تھی اور شعلوں سے مکمل طور پر محفوظ تھی۔ سب سے بڑا نقصان اسی گہرائی میں ہوا۔ ہدف مکمل طور پر حاصل کر لیا گیا‘۔
دوسری جانب امریکی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ وہ فضائی حملوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ ایران نے تاحال ان حملوں کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ادھر ’ایکس‘(سابقہ ٹوئٹر) پر ’ایکسویس‘نیوز کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ ٹرمپ آج پیر کو دن ایک بجے اپنی قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ اجلاس کریں گے تاکہ ایران پر کیے گئے حملے کے نتائج کا جائزہ لیا جا سکے۔