کیلیفورنیا کے پٹاخہ گودام میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، سات افراد لاپتہ

تاثیر 3 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سیکرامینٹو (کیلیفورنیا)، 03 جولائی:منگل کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کی یولو کاؤنٹی میں پٹاخے کے گودام میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ آتش بازی کا سامان اس گودام میں رکھا گیا تھا۔ یہ آگ کچھ ہی دیر میں تقریباً 80 ایکڑ تک پھیل گئی۔ سات افراد جو دھماکے کے وقت گودام میں موجود تھے تاحال لاپتہ ہیں۔
این بی سی نیوز چینل کے مطابق یہ گودام سیکرامینٹو کے شمال مغرب میں ایسپارٹو کے علاقے میں ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ تقریباً 5:50 بجے پہنچ گیا۔ اس وقت وقفے وقفے سے دھماکے ہوتے رہے اور کئی عمارتیں شعلوں کی لپیٹ میں آ گئیں۔ ایسپارٹو فائر پروٹیکشن ڈسٹرکٹ چیف کرٹس لارنس نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر سے بنائی گئی ویڈیو میں گودام میں آگ لگنے سے قبل چھت سے سفید دھواں نکلتا ہوا دیکھا گیا۔
فائر مارشل کے دفتر کے مطابق بدھ کو خطرہ کچھ کم ہوا ہے۔ اس لیے انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ خطرے کا جائزہ لینے کے لیے افسران کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ آگ لگنے کے بعد اپنے گھروں سے بھاگنے والے مکینوں کو واپس لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔