تاثیر 1 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) آج مورخہ یکم جولائی میں 2025 کو عظیم مجاہد آزادی عبدالقیوم انصاری کا یوم پیدائش سہسرام کے کشواہا سبھا بھون میں سماجی کارکن عبدالستار انصاری کی صدارت میں بڑے ہی دھوم دھام سے منایا گیا ۔ سب سے پہلے وہاں موجود تمام لوگوں نے انکی تصویر پر کلپوشی کی ۔ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے مینارٹی رائٹس فورم کے ریاستی صدر احمد علی نے تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی کچھ شخصیات ایسی ہیں جنہیں تاریخ نے اتنی اہمیت نہیں دی جتنی کہ وہ حقدار تھے، آنے والی نسلیں ان سے نصیحت لے سکتی ہیں لیکن بدقسمتی سے ہم انہیں بھول رہے ہیں، جنہیں قومی یا کم از کم صوبائی ہونا چاہئے، وہ آج علاقائی بھی نہیں ہیں، بدقسمتی یہ ہے کہ وہ اپنے ضلع میں بھی اجنبیوں کی طرح ہیں، ان میں سے ہیں ہیں عظیم مجاہد آزادی “عبدالقیوم انصاری” ۔ عبدالقیوم انصاری جو یکم جولائی 1905 کو ضلع روہتاس میں واقع ڈہری آن سون میں پیدا ہوئے تھے، ان کا نہ صرف جدوجہد آزادی میں اہم کردار رہا بلکہ ان کی تحریک جس کے تحت انہوں نے ملک کی تقسیم کی کھل کر مخالفت کی وہ بھی ناقابل فراموش ہے، انھوں نے مسلمانوں میں ایک مہم چلائی کہ یہ ملک چھوڑ کر پاکستان نہ جائیں، انصاری صاحب جناح کے دو قومی نظریہ اور مسلم لیگ کے فرقہ وارانہ ایجنڈے کے سخت مخالف تھے، وہ لوگوں کے ذہنوں میں یہ بات ڈالنا چاہتے تھے کہ بھلے ہی ہمارے مذاہب مختلف ہیں لیکن ہماری قوم ایک ہے اور وہ یہ عظیم ملک ہندوستان ہے، انصاری صاحب قومی یکجہتی اور سالمیت کی حمایت میں آواز اٹھانے والوں کے لئے ایک آئیکن ہیں، اپنے خطاب میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عبدالقیوم انصاری کو بھارت رتن سے نوازا جائے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ایڈووکیٹ توحید اعظم نے کہا کہ مجاہد آزادی عبدالقیوم انصاری نے نہ صرف پسماندہ مسلمانوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کی بلکہ معاشرے کے نچلے درجے پر رہنے والے غیر مسلموں کے استحصال اور سماجی انصاف کے لئے بھی آواز بلند کی، یہ رجحان آزادی کے بعد بھی زندگی بھر جاری رہا ۔ اس تقریب میں خاص طور پر مدن کشور سنہا، شمبھوناتھ پانڈے، یامین احمد، جگن ناتھ پرساد، سید انصاری ایڈوکیٹ، شفیق انصاری، مبارک انصاری، راماشنکر بہاریہ، روپیش شریواستو، جئے شنکر شرما مکھیا اور دیگر موجود تھے ۔ انیل یادو نے اظہار تشکر کیا ۔ رسول انصاری، رستم انصاری سنگھ، رام لال رام، رامیشور سنگھ، رام جی چوہان وغیرہ نے تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔