تاثیر 9 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 9 جولائی: مدھیہ پردیش میں ان دنوں موسلادھار بارش کا قہر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ گاوں گاوں اور شہر شہر میں سیلاب کے حالات بن گئے ہیں۔ بھاری بارش کی وجہ سے منڈلا، نرسنگھ پور سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں سیلاب کی صورتحال ہے۔ نرمدا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جس کی وجہ سے کئی سڑکیں بند ہیں۔ نرسنگ پور کے کئی گاوں پانی میں آدھے ڈوب گئے ہیں۔ ریاست میں اب تک اوسطاً 14 انچ بارش ہوئی ہے جو کہ معمول سے 74 فیصد زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بدھ کو بھی ریاست کے 35 اضلاع میں بہت زیادہ یا بھاری بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ مشرقی حصہ جبل پور، ریوا، شہڈول اور ساگر ڈیویڑن میں بہت تیز بارش کا امکان ہے۔
ماہر موسمیات ڈاکٹر دیویا ای سریندرن نے کہا کہ ریاست میں دو ٹرف کا اثر ہے۔ ساتھ ہی سائکلونک گردشی نظام بھی فعال ہے۔ ان وجوہات سے بہت زیادہ یا تیز بارش ہو رہی ہے۔ کم پریشر والے علاقے کی سرگرمی آئندہ چند روز میں دیکھنے کو ملے گی۔ جس کی وجہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اگلے چار دنوں تک یعنی 12 جولائی تک ریاست کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارش کا دور رہے گا۔ سسٹم کا اثر مشرقی حصے میں زیادہ رہے گا۔

