اسمارٹ گاؤں ملک میں اسمارٹ شہروں سے زیادہ اہم ہیں: گڈکری

تاثیر 20 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 20 اگست: مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ ملک میں اسمارٹ شہروں سے زیادہ اسمارٹ گاؤں بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث 30 فیصد آبادی شہروں کی طرف نقل مکانی کر چکی ہے۔
مرکزی وزیر گڈکری نے یہاں ٹاٹا گروپ کے انرجی اینڈ ریسورسز انسٹی ٹیوٹ (ٹی ای آر آئی) کے زیر اہتمام ’24ویں درباری سیٹھ میموریل لیکچر’ میں کہا کہ ملک کی ترقی میں بنیادی ڈھانچے کا سب سے اہم کردار ہے۔ پچھلے کچھ سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اس سمت میں تیز رفتاری سے کام ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کی معیشت میں زراعت کا حصہ صرف 12 سے 14 فیصد رہ گیا ہے جبکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کا حصہ 22 سے 24 فیصد اور سروس سیکٹر کا حصہ 52 سے 54 فیصد ہے۔