تاثیر 17 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 16 اکتوبر: ہاؤسنگ اور شہری ترقی کی مرکزی وزارت نے پردھان منتری آواس یوجنا-شہری 2.0 (پی ایم اے وائی-یو 2.0) کے تحت 141,942 نئے مکانات کو منظوری دی ہے۔ اس سے اسکیم کے تحت منظور شدہ مکانات کی کل تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔یہ منظوری بدھ کو مرکزی منظوری اور نگرانی کمیٹی کی میٹنگ میں دی گئی، جس کی صدارت وزارت کے سکریٹری سرینواس کاتیکیتھلا نے کی۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے عہدیداروں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔یہ گھر 14 ریاستوں کے لیے ہوں گے جن میں آسام، آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، گجرات، جموں و کشمیر، پڈوچیری، راجستھان، تمل ناڈو، مدھیہ پردیش، میگھالیہ، ہریانہ، اڈیشہ، اتراکھنڈ اور اتر پردیش شامل ہیں۔ سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے علاقوں میں مکانات بنائے جائیں جہاں سڑکیں، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولتیں موجود ہوں، تاکہ لوگ تیزی سے اپنے گھروں میں منتقل ہو سکیں۔

