تاثیر 17 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 16 اکتوبر:نیوزی لینڈ کیمشہوربلے باز کین ولیمسن نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے اگلے سیزن سے قبل لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) میں اسٹریٹجک مشیر کے طور پر شمولیت اختیار کی ہے۔ فرنچائزی کے مالک سنجیو گوئنکا نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں اس خبر کی تصدیق کی۔
گوئنکا نے لکھا، ’’کین سپر جائنٹس فیملی کا حصہ رہے ہیں اور ہمیں ایک اسٹریٹجک مشیر کے طور پر ان کا دوبارہ خیرمقدم کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ ان کی قیادت، حکمت عملی کی سمجھ بوجھ، کھیل کے بارے میں گہری معلومات اور کھلاڑیوںکو ترغیب دینے کی صلاحیت ٹیم کے لیے انمول ثابت ہوگی۔‘‘
ولیمسن ایس اے20 لیگ میں سپر جائنٹس کی ڈربن ٹیم کے ساتھ بھی شامل رہے ہیں۔ 35 سالہ بلے باز نے آخری بار نیوزی لینڈ کی جانب سے رواں سال مارچ میں چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھیلا تھا۔ وہ ابھی تک بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہوئے ہیں اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ کیزوئل کانٹریکٹ پر ہیں۔ وہ انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں نہیں کھیلیں گے لیکن 26 اکتوبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے ان کی واپسی متوقع ہے۔

