تاثیر 6 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ (فضاامام):آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے بہار کی سیاست میں ایک اہم موڑ پر جنتا دل (یونائیٹڈ) کا دامن تھام لیا۔ اس موقع پر جے ڈی یو کے ریاستی دفتر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں پارٹی کے سینئر لیڈر سنجئے گاندھی جی کے ہاتھوں رکنیت اختیار کی اس موقع پر پارٹی کے دیگر لیڈران اور کارکنان موجود تھے۔نظرعالم نے پارٹی کی رکنیت دلانے پر وزیراعلٰی نتیش کمار، وزیر وجئے کمار چودھری، کارگزار صدر سنجئے کمار جھا، پارٹی کے ریاستی صدر امیش کشواہا، سنجئے گاندھی اور انیل کمار سمیت سبھی لیڈران کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر نظرعالم نے کہا کہ بہار کی ترقی، خوشحالی، بھائی چارہ، امن و انصاف کے لیے نتیش کمار کی قیادت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کو آج بھی نتیش کمار جیسے ایماندار، باوقار اور اعتدال پسند لیڈر کی ضرورت ہے جو ریاست کو تمام طبقات کے مساوی حقوق اور انصاف کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو ایک سیکولر اور سماجی انصاف پر مبنی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے مفاد میں کام کیا ہے۔ نظرعالم نے کہا کہ آل انڈیا مسلم بیداری کارواں نے ہمیشہ ملک و ملت کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کا کام کیا ہے۔ اسی سوچ کے ساتھ انہوں نے جے ڈی یو میں شمولیت اختیار کی ہے تاکہ بہار میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کے خلاف محاذ مضبوط ہو۔نظرعالم نے پرجوش الفاظ میں کہا کہ 2025 کے انتخابات میں عوام ایک بار پھر نتیش کمار پر اعتماد ظاہر کریں گے اور وہ دوبارہ بہار کے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بہار کے عوام جانتے ہیں کہ نتیش کمار ہی وہ لیڈر ہیں جنہوں نے ریاست کو تعلیم، روزگار، صحت، سڑک، امن و امان اور مساوات کے میدان میں نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔تقریب میں جے ڈی یو کے سینئر لیڈر اور پارٹی کے دیگر معزز اراکین موجود تھے جنہوں نے نظرعالم کا خیر مقدم کیا اور انہیں پارٹی کی چادر اوڑھا کر خوش آمدید کہا۔پارٹی کے ریاستی صدر، وزراء اور کارکنان نے کہا کہ نظرعالم جیسے فعال، تعلیم یافتہ اور باشعور رہنما کے شامل ہونے سے پارٹی کو مزید تقویت ملے گی۔نظر عالم نے آخر میں کہا کہ جے ڈی یو کی قیادت اور نتیش کمار کے وژن کے تحت بہار میں امن، ترقی اور انصاف کا سفر مزید مضبوطی سے آگے بڑھے گا، اور پارٹی کی کامیابی 2025 کے انتخابات میں صاف نظر آئے گی۔

