بی جے پی کی طاقت مودی میں نہیں بلکہ آر ایس ایس میں ہے: پرشانت کشور

تاثیر 26 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ(راحیل عرفان)جن سورج پارٹی کے بانی پرشانت کشور نے بہار اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں منگل کو جوکیہاٹ کے اودات ہائی اسکول کے میدان میں ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے پی کے نے کہا کہ اگر جن سوراج کی حکومت بنتی ہے تو کسی کو روزگار کے لیے دہلی، پنجاب، ہریانہ، گجرات، دہرادون یا ممبئی جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ہر بیٹے اور باپ کو اپنے گاؤں میں کام مل جائے گا، اور ہجرت ختم ہو جائے گی۔ مسٹر پی کے نے کہا کہ بہار سے نقل مکانی ریاست کا سب سے بڑا المیہ ہے۔ ہمارا پہلا مقصد بہار میں روزگار پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کارخانے قائم کریں گے اور یہاں کھیتوں سے فیکٹریوں تک کام دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جن سوراج تحریک کا جنم کسی لیڈر یا دلال کے کہنے پر نہیں ہوا، بلکہ ڈھائی سال کے پیدل سفر سے ہوا۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی طاقت مودی میں نہیں بلکہ آر ایس ایس میں ہے۔ اجلاس میں انہوں نے جن سوراج کے امیدوار سرفراز عالم کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن ذات کا نہیں، روزگار اور مستقبل کا ہے۔ یہاں پرشانت کشور کو سننے کے لیے نوجوانوں میں بہت زیادہ جوش و خروش کے ساتھ صبح سے ہی جلسہ گاہ پر ایک بڑا ہجوم جمع تھا۔