تاثیر 21 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دبئی، 21 اکتوبر (ہ س)۔ دنیا کی سب سے اونچی عمارت برج خلیفہ پیر کو دیوالی کی شاندار روشنیوں سے ایک خاص پیغام کے ساتھ جگمگا اٹھی۔تاریکی کے خلاف علم کی روشنی کا پیغام دینے والے اس تہوار کے موقع پر دبئی کے اس مشہور مقام پر انگریزی اور ہندی میں پیغامات کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اس بار، دبئی میں دیوالی کی دو بڑی تقریبات میں دبئی پولیس بینڈ کی خصوصی پیش کش نے بھی لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق، دنیا کی 828 میٹر بلند ترین عمارت پر اس شاندارپیش کش نے متحدہ عرب امارات کی متنوع کمیونٹی کو دیوالی کی مبارکباد دی۔ انگریزی میں پیغام میں لکھا تھا، ”روشنیوں کا تہوار خوشی، ہم آہنگی اور خوشحالی لائے۔ آپ سب کو اور آپ کے خاندان کو دیوالی کی مبارکباد۔“ اس کے بعد، عمارت پر اسی طرح کا ایک پیغام ہندی میں آویزاں کیا گیا، جس میں ہر ایک کو ”روشنیوں کے تہوار“ کی مبارکباد پیش کی گئی۔سوشل میڈیا پر تقریب کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایمار نے لکھا، ”روشنیوں کے تہوار کے جشن میں برج خلیفہ جگمگا رہاہے۔ اس موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔“

