تاثیر 30 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 30 اکتوبر: ممبئی کے پوائی کے مارول علاقے میں جمعرات کو اس وقت خوف و دہشت کی فضا قائم ہوگئی جب یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ آر اے ایکٹنگ اسٹوڈیو میں آڈیشن کے لیے آئے تقریباً 20 بچوں کو مبینہ طور پر یرغمال بنا لیا گیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام بچوں کو بحفاظت نکال لیا اور ملزم روہت آریہ کو گرفتار کرلیا۔
پہلی اطلاع ملتے ہی آر اے اسٹوڈیوز کے باہر والدین کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ کھڑکیوں میں گھبرائے ہوئے بچے مدد کے لیے ہاتھ ہلاتے نظر آئے۔ چونکہ یہ واقعہ دن کے اوقات میں پیش آیا اس لیے خوف و ہراس تیزی سے پھیل گیا اور فضا کشیدہ ہو گئی۔
پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ آس پاس کے تمام راستوں کو بند کر کے سیکورٹی سخت کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق بچے مختلف جگہوں سے آڈیشن کے لیے اسٹوڈیو آئے تھے۔ دورانِ آڈیشن انہیں زبردستی بند رکھا گیا۔ والدین اور تماشائیوں نے انہیں کھڑکیوں سے باہر جھانکتے ہوئے دیکھا جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔
جوائنٹ کمشنر آف پولیس ستیہ نارائن چودھری نے کہا کہ تمام بچے محفوظ ہیں اور انہیں والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔ اسی دوران ملزم روہت آریہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کر کے اپنی شناخت ظاہر کی اور کہا کہ اس نے ’’خودکشی کے بجائے یہ منصوبہ بنایا‘‘۔

