تاثیر 5 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
گوتم بدھ نگر، 5 اکتوبر :۔ تھانہ سیکٹر 49 علاقے کے تحت ہفتہ کو ایک فارچیونر کار میں سوار ایک نوجوان نے کوڑے کی گاڑی ٹکرانے پر صفائی کارکن پر پستول تان دی۔ واقعے کا ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے۔ پولیس نے تین ٹیمیں تشکیل دے کر نوجوان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس نے پانچ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، جس میں ذات پات کو لیکر بدکلامی کرنا بھی شامل ہے۔
تھانہ سیکٹر-49 کے انچارج انسپکٹر انوج کمار سینی کے مطابق یہ واقعہ تھانہ علاقے کے تحت ہوشیار پور گاوں کی گلی نمبر 4 میں پیش آیا۔ ہفتہ کو صفائی کارکن گلیوں کی صفائی کر رہے تھے۔ تبھی ایک تنگ گلی میں صفائی کارکن کی کوڑا گاڑی گلی میں کھڑی فارچیونر کار سے تھوڑی سی ٹکرا گئی۔ بس اس کی وجہ سے کار میں سوار ایک نوجوان اپنی گاڑی سے باہر نکلا اور صفائی کارکن کو پستول دکھا کر دھمکی دی۔ اس سے پہلے نوجوان نے صفائی کارکن کے بال پکڑے اور اسے اپنی طرف گھسیٹا۔ اس دوران پاس کھڑے لوگ نوجوان کو سمجھاتے ہوئے نظر آئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس سمیت کمار شکلا کے مطابق ملزم کی شناخت سیکٹر 63 کے بہلول پور گاوں کے رہنے والے یوگیش یادو کے طور پر کی گئی ہے۔ حالانکہ پولیس کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کے پاس جو پستول ہے وہ لائسنس یافتہ ہے۔ صفائی کارکن کا نام سنجیو کمار بتایا جاتا ہے، جو وہاں اپنی کوڑا گاڑی لیکر آیا تھا۔

