تاثیر 13 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ہوڑہ، 13 اکتوبر (تاثیر بیورو) ہوڑہ کی سرزمین پیل خانہ سے روحانیت اور خدمتِ حجاج کے جذبے سے سرشار ایک نئی پہل کی گئی ہے۔ کاروانِ عمرہ ٹور اینڈ ٹریولس کے نام سے ایک نیا ادارہ عمل میں آیا ہے جس کا مقصد عمرہ و زیارت کے خواہشمند افراد کو بہترین، منظم اور بااعتماد سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اس ادارے کا افتتاح مولانا شاہد اقبال قاسمی کی موجودگی میں تین مخلص دوستوں کے اشتراک سے عمل میں آیا۔ جن میں عاطف خان، شہامت اقبال اور احتشام الحق کے نام شامل ہیں۔ افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی اراکین نے بتایا کہ کاروانِ عمرہ کا مقصد محض سفری سہولت فراہم کرنا نہیں بلکہ حاجیوں کو ایک پرامن، آسان اور روحانی طور پر بابرکت سفر کا تجربہ دینا ہے۔ ان کے مطابق ادارے کی جانب سے ایک لاکھ دس ہزار روپے کا پیکج مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پہلا قافلہ نومبر میں روانہ ہوگا۔
بانی اراکین نے کہا کہ حجاج کرام کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ اسلام کی تاریخی و روحانی نشانیوں کی زیارت بھی کرائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ نہ صرف انتظامی بلکہ دینی اعتبار سے بھی راہنمائی فراہم کرے گا تاکہ زائرین کا سفر عبادت و اخلاص کے جذبے سے سرشار رہے۔
انہوں نے قرآنِ کریم کی آیتِ مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “وَمَن يُعَظِّمْ شَعَائِرَ اللَّهِ فَإِنَّهَا مِن تَقْوَى الْقُلُوبِ”
(سورۃ الحج: 32)
یعنی جو شخص اللہ کی نشانیوں کی تعظیم کرتا ہے، تو یہ دل کی پرہیزگاری سے ہے۔
انہوں نے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو اپنے گھر کی زیارت نصیب فرمائے، اور ایسے معاونین عطا کرے جو صرف رہنمائی ہی نہ کریں بلکہ قدم بہ قدم ساتھ چلیں۔ آمین۔

