تاثیر 21 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہرسہ(سالک کوثر امام)بہار اسمبلی انتخابات 2025 کیلیے سمری بختیارپور اسمبلی حلقہ سے آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترے وکاس راج اس بار عوام کے درمیان ایک نئی سوچ اور واضح مقصد کے ساتھ پہنچے ہیں۔
سیاسیات میں ایم اے کی ڈگری حاصل کرنے والے وکاس راج کا کہنا ہے کہ “میری پہلی ترجیح اس علاقے میں صنعتیں قائم کرکے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔”
وکاس راج، جو کنیہیا پرساد یادو کے فرزند ہیں، نے کہا کہ سمری بختیارپور جیسے علاقے میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث نوجوانوں کو ہجرت کرنی پڑتی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر مقامی سطح پر چھوٹی اور درمیانی صنعتیں قائم کی جائیں تو لوگوں کو اپنے ہی علاقے میں کام مل سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا
“میرے علاقے کے نوجوان محنتی ہیں، مگر روزگار کی کمی ان کو باہر جانے پر مجبور کرتی ہے۔ اگر عوام نے موقع دیا تو میں یہاں فوڈ پروسیسنگ یونٹ، زرعی صنعتیں اور کپڑا تیار کرنے کے مراکز قائم کروں گا تاکہ ہزاروں لوگوں کو کام مل سکے۔
نامزدگی کے دوران وکاس راج نے اپنی کل جائیداد تقریباً 5.34 کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔
تازہ انکم ٹیکس ریٹرن کے مطابق ان کی سالانہ آمدنی 60 لاکھ 28 ہزار 735 روپے رہی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ وکاس راج پر کسی بھی قسم کا مجرمانہ یا قانونی مقدمہ درج نہیں ہے۔
ان کے پاس تقریباً 15 لاکھ 50 ہزار روپے نقد اور 3 لاکھ 17 ہزار روپے بینک بیلنس موجود ہے، جبکہ کل منقولہ اثاثے تقریباً 3 کروڑ 2 لاکھ روپے کے ہیں۔
وکاس راج اس وقت پورے علاقے میں بھرپور عوامی رابطہ مہم چلا رہے ہیں۔ وہ عوام سے کہہ رہے ہیں کہ “روزگار ہی ترقی کی چابی ہے” اور اگر انہیں موقع ملا تو وہ سمری بختیارپور کو “روزگار ماڈل اسمبلی حلقہ” میں تبدیل کر دیں گے۔

