تاثیر 21 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،21اکتوبر:اسرائیلی نشریاتی ادارے نے بتایا ہے کہ حماس تنظیم خفیہ طور پر اْس ٹکنوکریٹ حکومت کی تشکیل میں شریک ہے جو غزہ کی انتظامی ذمہ داری سنبھالے گی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ حماس نے اس حکومت کے تقریباً نصف اراکین اپنی فہرست میں شامل کیے ہیں۔ یہ وہ افراد ہیں جو اگرچہ علانیہ طور پر حماس سے وابستگی ظاہر نہیں کرتے، مگر تنظیم کے نظریات اور موقف کے حامی ہیں۔دوسری جانب حماس کے رہنما اور مذاکراتی وفد کے سربراہ خلیل الحیہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سرپرستی میں قائم بین الاقوامی سیاسی ارادہ ہی امن معاہدے کے تکمیل کی ضمانت ہے۔ انھوں نے تمام ثالثوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام صبر و استقامت کے ساتھ اپنی مشکلات کے خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں۔

