جو مرد یا عورت حافظ قرآن ہوتے ہیں وہ قران کی حفاظت کا ذریعہ بنتے ہیں:- مفتی محمد علیم الدین قاسمی۔

تاثیر 21 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ :- (  مشتاق احمد صدیقی  ) جو لوگ چاہے مرد ہوں یا عورتیں ہوں،اگر یہ قران کو حفظ یعنی یاد کر لے تو یہ حضرات قرآن کی حفاظت کا ذریعہ بنتے ہیں، جس نے قران کو حفظ کیا ہے اس کو دنیا کی سب سے بڑی نعمت عطا ہو گئی، جس نے قران کو حفظ کر لیا اس کو تاحیات یاد رکھنا ضروری ہے، یاد رکھنے کے لئے شرط ہے کہ روزانہ تین پارہ کی تلاوت کرے تاکہ قران یاد رہے اور وہ بھلائے نہیں، جس گھر میں قرآن کی تلاوت ہوتی ہے، اس گھر میں برکتیں نازل ہوتی ہیں، اس گھر سے شیاطین بھاگ جاتے ہیں، اس سے گھر کا ماحول دیندار ہوگا اور گھرمیں دینداری آئے گی تو اس گھر کی عظمت بڑھ جائےگی اوردینداری کے لیے ضروری ہیں کہ گھر کے مرد اور گھر کی عورتیں روزانہ بلا ناغہ تلاوت کا اہتمام کریں! ان خیالات کا اظہار جامعۃ الفلاح للبنات سیسونا گیاری کے کمپس میں منعقد تکمیل حفظ قرآن کی دعائیہ مجلس میں صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے مولانا مفتی محمد علیم الدین قاسمی شیخ الحدیث دارالعلوم رحمانی زیرو مائل نے کیا آپ نے مزید کہا کہ
اللہ تعالیٰ نے کس قدر واضح اور دو ٹوک انداز اور الفاظ میں یہ اعلان کیا ہے کہ’’انا نحن نزلنا الذکر و انا لہ لحافظون‘‘ اس نصیحت نامہ اور کتاب ہدایت یعنی قرآن کو ہم نے، ہاں ہم نے ہی نازل کیا ہے اور ہم ہی اس کے محافظ و نگہبان ہیں۔ اور بارگاہ ربانی کی اس عطا کی کوئی حد ہے کہ جو صفت اللہ نے اپنے لئے مخصوص رکھی تھی، اسے بندہ کو بھی نواز دیا، یعنی اللہ حافظ الذکر یعنی قرآن کے محافظ و نگہبان ہیں تو بندہ کو توفیق بخش دی کہ وہ تیس پاروں کو حفظ کرکے حافظ قرآن کا مبارک و مسعود لقب حاصل کرلے جبکہ جامعہ عرفانیہ للبنات نزد کوسی شہر ارریہ کے ناظم مفتی غفران احمد قاسمی نے کہا کہ حافظ قرآن کا درجہ اور مقام و رتبہ اسلام کی نظر میں بہت ہی بلند ہے ۔ قرآن مجید کی تعلیم و تعلم میں مصروف رہنے والے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نظر میں اچھے اور پسندیدہ ہیں،جیساکہ ارشاد نبویؐ ہے کہ تم میں بہتر وہ ہے جو قرآن کریم سیکھے اور دوسروں کو سکھائے ۔ خیرکم من تعلم القرآن و علمہ۔ اس سے قبل جامعۃ الفلاح لبنات کے ناظم مولانا مفتی اسرار الحق اور مدرسہ کے سرپرست الحاج محمد اسرائیل صاحبان نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شاندار استقبال کیا۔ جامعۃ الفلاح للبنات سسونا گیاری سے جس بچی نے تکمیل حفظ قران کا شرف حاصل کیا اور اپنے والدین کو کل قیامت میں تاج پہنانے کے ساتھ ساتھ دس جہنمی کو جنت تک کی رسائی کے لئے سفارش کا ذریعہ بنی ان کا نام نامی اسم گرامی عزیزہ فلک ناز بنت محمد فیروز صاحب مقام بگڈھرا پوسٹ بگڈھرا تھانہ جوکی ہاٹ ضلع ارریہ بہارہے۔ اس تکمیلِ حفظ قرآن اور دعائیہ مجلس میں جن معززین نے شرکت کیں، ان میں
شہر ار ریہ کے مشہور تاجر جناب الحاج اسرائیل صدر مدرسۂ ھذا، مفتی محمد غفران حیدر سکریٹری مدرسہ عرفانیہ، مفتی تنزیل الرحمان، مفتی ہمایوں اقبال  ندوی، مولانا فیاض احمد، مفتی ريحان امام رحمانی مسجد، حاجی شوکت، قاری ثاقب ندیم، قاری اسلم صاحب دارالعلوم رحمانی، حافظ ذوالفقار، مولانا شبیر،  مولانا نورالدین مدرس جامعہ عرفانیہ، ماسٹر عیاض  مدرس جامعہ عرفانیہ، حافظ راشد صاحب امام مسجد  مسجد تقوی، جناب مولانا شاہد حسین مولانا محمد عتیق صاحب استاد دارالعلوم رحمانی اور محمد آفاق عالم کے نام قابل ذکر ہیں۔ آخر میں خیر وبرکت کے لئے صدر مجلس مفتی محمد علیم الدین قاسمی نے دعاء کیں اور دعاء پر دعائیہ مجلس اپنے اختتام کو پہنچی۔ پروگرام اور نماز عشاء کے بعد تمام مہمانوں کو عشائیہ دیا گیا۔ آخر میں مولانا اسرار الحق نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔