حوالگی کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ریاستی حکومتوں کو مفرور مجرموں کے لئے خصوصی سیل قائم کرنا چاہیے: امت شاہ

تاثیر 17 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 16 اکتوبر: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو تمام ریاستی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے متعلقہ ریاستی دارالحکومتوں میں مفرور مجرموں کے لیے ایک خصوصی سیل قائم کریں تاکہ مجرموں کی حوالگی کے عمل کو بین الاقوامی سطح پر ہموار اور موثر بنایا جا سکے۔ شاہ نے کہا کہ اس طرح کے سیل کی عدم موجودگی کی وجہ سے کئی بار غیر ملکی عدالتوں میں بھارت کی طرف سے پیش کئے جانے والے حوالگی کے معاملوں میں انسانی حقوق اور جیل کی صورتحال جیسے بہانے سامنے آتے ہیں، جس سے یہ عمل پیچیدہ ہو جاتا ہے۔
وہ جمعرات کو یہاں “مفرور مجرموں کی حوالگی – چیلنجز اور حکمت عملی” کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس کانفرنس کا انعقاد سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے کیا تھا اور اس میں مرکزی اور ریاستی سطح کے تفتیشی اور سیکورٹی ایجنسیوں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔