تاثیر 18 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
باڑھ: انوگرہ نرائن سنگھ کالج، باڑھ میں آج رنگولی مقابلہ بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مختلف موضوعات پر بنائی گئی دلکش رنگولیوں نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
تقریب کا افتتاح کالج کی پرنسپل ڈاکٹر شیاما رائے نے چراغ جلا کر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی مقابلے طلبہ و طالبات کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے نہایت مفید ہوتے ہیں۔
مقابلے کے اختتام پر کامیاب شرکاء کو انعامات سے نوازا گیا۔
پہلا مقام ریاضی شعبہ نے حاصل کیا، جب کہ دوسرا مقام فلسفہ، معاشیات اور سیاسیات شعبوں کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔
تیسرا مقام اردو، انگریزی، سنسکرت، نفسیات اور تاریخ کے شعبوں کو مشترکہ طور پر حاصل ہوا۔
اس سے قبل ڈاکٹر تاپسی داس نے پرنسپل کا پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے استقبال کیا۔
پورا پروگرام ثقافتی پروگرام کی انچارج اور طبیعیات شعبہ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر تاپسی داس اور اردو شعبہ کے ڈاکٹر محمد ضمیر رضا کی نگرانی میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔
تقریب میں تمام شعبہ جات کے صدور اور اساتذہ موجود تھے۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر محمد ضمیر رضا نے انجام دی۔

