تاثیر 31 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،31اکتوبر:امریکی نیوز ویب سائٹ “ایکسیوس” نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ واشنگٹن غزہ کی پٹی میں تعیناتی کے لیے ایک بین الاقوامی فورس بنانے کا منصوبہ تیار کر رہا ہے۔ ویب سائٹ نے انکشاف کیا کہ غزہ میں بین الاقوامی فورس کی تعیناتی کا یہ امریکی منصوبہ “ہفتوں کے اندر” تیار ہو جائے گا۔ اس منصوبے میں ایک نئی فلسطینی پولیس فورس کی تربیت بھی شامل ہے۔ ویب سائٹ نے تصدیق کی کہ مصر، ترکیہ، انڈونیشیا اور آذربائیجان نے غزہ میں بین الاقوامی فورس میں شرکت کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
امریکہ یورپی ملکوں، ترکیہ ، انڈونیشیا اور آذربائیجان کی حمایت سے غزہ میں ایک کثیر قومی استحکام فورس تعینات کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس تناظر میں فرانسیسی وزیر خارجہ نے ایک پریس انٹرویو کے دوران کہا کہ ہم اس وقت نیویارک میں اقوام متحدہ میں امریکی ٹیموں کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس بین الاقوامی فورس کو غزہ کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری مینڈیٹ ملے۔لیکن 10 اکتوبر کو نافذ ہونے والی غزہ میں امریکی ثالثی کی جنگ بندی ابھی تک تنکوں کے سہارے کھڑی ہے۔

