تلنگانہ میں 500 دنوں میں کے سی آر کی واپسی۔ کے ٹی آر کااعلان

تاثیر 2 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد ، 2 نومبر:تلنگانہ بھون میں منعقدہ حیڈراایگزِبیشن پروگرام میں بی آرایس ورکنگ صدرکے ٹی آ رنے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ 500 دنوں میں کے سی آر کی حکومت دوبارہ برسراقتدارآئے گی اور حیڈرا کارروائیوں سے متاثر عوام کو مکمل انصاف دلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے غریبوں پر کی جانے والی زیادتیوں کا حساب ضرورلیا جائیگا۔ کے ٹی آرنے ایگزِبیشن میں حیڈرا کارروائیوں کے ویڈیوزپیش کرتے ہوئے دکھایاکہ کس طرح غریب عوام کے گھروں کومنہدم کیاگیا،ان کی جھونپڑیاں گرائی گئیں اورانہیں سڑک پرچھوڑدیاگیا۔
ویڈیوزدیکھ کرکئی متاثرین جذبات پرقابونہ رکھ سکے۔ کے ٹی آرنے الزام لگایاکہ وزیراعلی ریونت ریڈی کے بھائی تروپتی ریڈی، پی سرینواس ریڈی،رہنما ویویک وینکٹ سوامی اورایم ایل سی پٹنم مہندرریڈی کے گھربھی ایف ٹی ایل اوربفرزون میں ہیں،لیکن ان پر کبھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔